پاکستان میں ہمیشہ سے الٹی بہنے والیگنگا کو ہم نے سیدھا کیا،کوئی پچھلی حکومتوں سے بھی پوچھے کہ بجلی بحران کے حل پر توجہ کیوں نہیں دی، تنقید کی بجائے ہمیں شاباش ملنی چاہئے

وزیراعظم نواز شریف کا بکھی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:06

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے بکھی پاور پلانٹ لگانے پر میڈیا سے شاباشی مانگتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے بہنے والی الٹی گنگا کو ہم نے سیدھا کر دیا،کوئی پچھلی حکومتوں سے بھی پوچھے کہ انہوں نے 5,5سال اور ایک ڈکٹیٹر نے 9 سال اقتدار پر قابض رہتے ہوئے بھی بجلی کے معاملے پر توجہ کیوں نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو شیخوپورہ میں بکھی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ملکی ترقی کی گنگا الٹی بہائی،جسے ہم نے بڑی محنت سے سیدھا کیا ہے، اگر ہم نے یہ گنگا سیدھی کر ہی دی ہے تو ہمیں تنقید کی بجائے شاباشی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی والی حکومتوں نے بجلی کے پاور پلانٹ کیوں نہیں لگائے یہ مسئلہ ہم پر ہی کیوں چھوڑا گیا،کوئی ان سے بھی پوچھے کہ انہوں نے پانچ پانچ سال اور ایک ڈکٹیٹر نے 9 سال اقتدار پر قابض رہتے ہوئے بھی اس معاملے پر توجہ کیوں نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بکھی منصوبہ 95 ارب روپے کا تھا، جسے 55ارب میں مکمل کیا جا رہا ہے،جو ہماری شفاف پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،اگر کوئی اور پیسہ بنانے والی حکومت ہوتی تو منصوبے پر 95 ارب ہی خرچ کرتی،پاکستان کو چلانا اتنا آسان نہیں، ملکی معاملات اتنے پیچیدہ ہیں کہ انہیں درست کرنے کیلئے حوصلہ چاہیے،ملک کی ترقی کنٹینر پر چڑھنے والوں کے بس کی بات نہیں اور نہ ہی کنٹینر پر کھڑا ہو کر بل جلانے سے بجلی پیدا ہوتی ہے، اگر ہمارے برے کاموں پر میڈیا تنقید کرتا ہے تو اچھے کاموں پر اسے شاباشی بھی دینی چاہیے۔