موجودہ حکومت کی طرف سے کسانوں کو دبایا جارہا ہے ، ملک کے تمام کسان حکومت کی پالیسی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں ، اپنے حق کیلئے آئے ہیں اورحق لے کر جائیں گے ، حکومت کسان مخالف پالیسیاں مرتب کرکے کسانوں کے خلاف ظلم کررہی ہے

کسان راج تحریک کے سینئر نائب صدر ملک شیر افضل شیخ ٹوانہ کا ڈی چوک میں دھرنے سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:03

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) کسان راج تحریک کے سینئر نائب صدر ملک شیر افضل شیخ ٹوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے کسانوں کو دبایا جارہا ہے ، ملک کے تمام کسان حکومت کی پالیسی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں ، اپنے حق کیلئے آئے ہیں اور اپنا حق لے کر جائیں گے ، حکومت کسان مخالف پالیسیاں مرتب کرکے کسانوں کے خلاف ظلم کررہی ہے ۔

وہ جمعہ کو یہاں ڈی چوک میں دیئے گئے دھرنے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق نے بھی احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ملک شیر افضل شیخ ٹوانہ نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت انہی کو کچل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے ہم اپنی زمینیں بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں ، حکومت بھارتی درآمدات کو فروغ دے رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستانی زراعت تباہ ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات تسلیم کرے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کپاس 4 ہزار فی من کی جائے ، چاول باسمتی 25 سوروپے فی من ، چاول غیر باسمتی 12 سو روپے فی من ، گنا 250 سو روپے فی من ، مکئی 18 سو روپے فی من ، گندم 15 سو روپے فی من کی جائے ۔ انہوں نے حکومت سے دوسرا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زرعی مداخلت پر 17 فیصد جی ایس ٹی کا فوری خاتمہ کرے ، زرعی ٹیوب ویل کیلئے فلیٹ ریٹ پر بجلی کی فراہمی کی جائے ، مزارعین کو ( ملٹری فارمز ، سیڈ فارمز ، گھوڑی پلان اور چولستان سکیم کے مالکانانہ حقوق دیئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 30 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج کریں گے ۔ دریں اثناء انتظامیہ کی طرف سے تنبیہ کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاجی دھرنا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے منتقل کردیا