ہاؤسنگ شعبہ کا کسی بھی ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے،وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ وتعمیرات

اکرم خان درانی کا سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤسنگ پراجیکٹ آئی 16/3کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:03

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) ہاؤسنگ وتعمیرات کے وفاقی وزیر محمد اکرم خان درانی نے کہاہے کہ ہاؤسنگ کا شعبہ کسی بھی ملک کا شہ رگ ہوتی ہے جس کا ملکی ،سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ہوتا ہے، آئی 16/3میں کل 1260فلیٹس بنائے جائیں گے جو نہایت ہی کم قیمت پر اور بہت کم عرصہ میں مکمل کر کے سرکاری ملازمین کو دیئے جائیں گے جو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی تمام آسائشوں سے آراستہ ہوں گے ، افسوس ہے کہ ماضی میں حکومت نے ہاؤسنگ شعبہ میں کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں ماند پڑگئیں اور سرکاری ملازمین کیلئے رہائش کے مسائل پیدا ہوئے جبکہ موجودہ حکومت اس شعبے پر خصوصی اور فوری توجہ دے رہی ہے، اگلے دومہینے میں آئی 12میں 3ہزار فلیٹس پر مشتمل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں 1500فلیٹس عام لوگوں کیلئے جبکہ 1500فلیٹس سرکاری ملازمین کیلئے ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤسنگ پراجیکٹ آئی 16/3کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آئی 16/3میں کل 1260فلیٹس بنائے جائیں گے جو نہایت ہی کم قیمت پر اور بہت کم عرصہ میں مکمل کر کے سرکاری ملازمین کو دیئے جائیں گے جو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی تمام آسائشوں سے آراستہ ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں حکومت نے ہاؤسنگ شعبہ میں کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں ماند پڑگئیں اور سرکاری ملازمین کیلئے رہائش کے مسائل پیدا ہوئے جبکہ موجودہ حکومت اس شعبے پر خصوصی اور فوری توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نمائشی لوگ نہیں ہیں بلکہ ہم عملی طورپر کام پر یقین رکھتے ہیں۔فاقی وزیر ہاؤسنگ وتعمیرات نے مزید کہا کہ اگلے دومہینے میں آئی 12میں 3ہزار فلیٹس پر مشتمل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں 1500فلیٹس عام لوگوں کیلئے جبکہ 1500فلیٹس سرکاری ملازمین کیلئے ہوں گے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کیلئے 40ہزار کنال زمین کی خریداری کیلئے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی گئی ہے۔

وزیراعظم کی طرف سے منظوری ملتے ہی چین کی ایک فرم منصوبے پر کام شروع کرے گی اور 40ہزار کنال اس زمین پر ترقیاتی کام 22ماہ میں مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں 75ہزار سرکاری ملازمین ممبر کے طورپر رجسٹرڈ ہیں جس میں 32ہزار وہ ملازمین ہیں جو ’’پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد‘‘ پر رجسٹرہوئے ہیں جبکہ باقی ماندہ رجسٹرڈ ملازمین کو سنیارٹی کی بنیاد پر پلاٹس دئیے جائیں گے۔