پاکستان انٹرنیشنل پینل آن کلائمیٹ چینج کے ورکنگ گروپ میں شامل ہوگیا ، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈی جی اقوام متحدہ کے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی پر تحقیق کرنے والے ادارے کے وائس چیئرمین منتخب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 20:54

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) اقوام متحدہ کے عالمی سطح پر موسمی خطرات اور اس کے اسباب کے حوالے سے تحقیق کرنے والے ادارے انٹرنیشنل پینل آن کلائمیٹ چینج یا آئی پی سی سی نے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات محمد عرفان طارق کو اپنے ورکنگ گروپ کا ممبرمنتخب کرلیا ہے۔ اس اہم گروپ کے لیے دوسرے ممالک کے نمائندگان بھی منتخب ہوگئے ہیں جن کا تعلق فرانس، چائنا، انڈونیشیا، مراکش، کینیڈا، ناروے، ارجینٹینا اور الجیریاسے ہے۔

اس ورکنگ گروپ کا اہم مقصد کلائمیٹ سسٹم اور کلائمیٹ چینج کے بنیادی سائنسی پہلووں کی تحقیقی سطح پر جانچ پڑتال کرنا ہے۔یہ گروپ عالمی حدت کا باعث بننے والی کاربن ڈاء آکسائیڈ سمیت مختلف گرین ہاؤس گیسوں کے عالمی حدت کے باعث سمندراور زمین کے درجہ ء حرارت ، بارشوں اور گلیشیئرز کے پگلنے میں تبدیلی ا ور اس کے اثرات، سمندری سطح میں اضافہ کے منفی اثرات پر بھی کام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پانچ سال کے وقفے سے ہونے والے اس انتخابات میں آپی سی سی کے سربراہ کے لیے بھی انتخابات ہوئے جس کے لیے کئی ممالک نے اپنے نمائندے کھڑے کیے تھے مگر اس دفعہ کورین ریبلک کے عالمی سطح کے معاشی ماہر ہوسنگ لی اس دفعہ آئی پی سی سی کے چیئر مین منتخب ہوئے ہیں۔ وفاقی وزارت کے سیکریٹری عارف احمد خان نے کہا ہے کہ اس عالمی سطح کی موسمیاتی تبدلی کے اثرات پر تحقیق کرنے والے ادارے آئی پی سی سی میں پاکستان کی شمولیت ایک اہم کامیابی ہے اور یہ اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پرموسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ہونے والی کوششوں کااہم حصہ بن گیا ہے اور یہ اس پذیرائی کا اہم مثال ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات محمد عرفان طارق نے کہا کہ وہ اس کامیابی کو پاکستان کی کامیابی سمجھتا ہے اور وہ اپنی وزارت کے پلیٹ فارم سے عالمی سطح پر پاکستان کو درپیش موسمی خطرات پر دنیا کو مزید آگاہ کرے گا اور ان خطرات کو کم کرنے کے لیے دنیا کے امیر ممالک پر مالی و تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :