سی پیک منصوبے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی زبانوں پر اب تالے لگ چکے ہیں، ملک سے اندھیرے مٹانے کا وعدہ پورا کر رے ہیں، قوم حکومتی اقدامات کی گواہ ہے، مخالفین ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کر کے غریب عوام سے دشمنی کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں،حکومت نے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے متعدد منصوبے لگائے،بکھی پاور پلانٹ منصوبے کی ساری لاگت پنجاب حکومت برداشت کر رہی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاشیخوپورہ میں بکھی بجلی گھر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 20:52

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف تقریر کی آج ان پروپیگنڈا کرنے والوں کی زبانوں پر تالے لگ چکے ہیں، ملک سے اندھیرے مٹانے کا وعدہ پورا کر رے ہیں، قوم حکومتی اقدامات کی گواہ ہے، حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کر کے مخالفین غریب عوام سے دشمنی کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں،حکومت نے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے متعدد منصوبے لگائے،بکھی پاور پلانٹ منصوبے کی ساری لاگت پنجاب حکومت برداشت کر رہی ہے۔

وہ جمعہ کو شیخوپورہ میں بکھی بجلی گھر منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اندھیروں کو دور کرنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے، دہشت گردی اور توانائی بحران بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کیلئے حکومت مستقل مزاجی سے اقدامات کر رہی ہے،قائد اعظم سولر پارک اور تھر میں بجلی کے منصوبے جاری ہیں، ساہیوال میں 1300میگا واٹ کے منصوبے پر دن رات کام ہو رہا ہے جبکہ بکھی منصوبے کی طرز پر بہادر شاہ میں بھی ایک منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بکھی منصوبے کی ساری لاگت پنجاب حکومت برداشت کر رہی ہے، بکھی بجلی گھر کامنصوبہ گدو پاور پلانٹ کی نسبت سستی بجلی پیدا کرے گا،بکھی منصوبے میں غریب قوم کے 110ارب روپے کی بچت ہوئی، بکھی بجلی گھر کا ٹھیکہ انتہائی شفاف طریقے سے دیا گیا، بکھی سے 2017ء تک 1180میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو گی،ماضی میں اگر کسی حکومت نے قومی خزانے کی بچت کی ہو تو بتائیں، صرف موجودہ حکومت نے ہی ایساکیا ہے،شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ قیادت نے ملک کا اعتماد اور اعتبار بحال کیا، غیر ملکی سر مایہ کاروں کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے، اقتصادی راہداری منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے،جن لوگوں نے اقتصادی راہداری منصوبے پر تنقید کی اب ان کی زبان کو تالے لگ چکے ہیں، دہشت گردی کے خلاف بھی ٹھوس اقدامات سامنے آ رہے ہیں، اندھیروں کو دور کرنے کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔