سکواش کے نوجوان کھلاڑی ایک بار پھر ملک کا نام روشن کررہے ہیں‘ عثمان انور

اسرار احمد بہترین کھلاڑی ہیں، تہران میں ہونیوالی جونیئر ایشیئن سکواش چیمپیئن شپ جیت کر قوم کر بہترین تحفہ دیا نوجوانوں کو اپنے سٹارز کو فالو کرنا چاہئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کی اسرار احمد سے ملاقات میں گفتگو‘ جونیئر ایشیئن سکواش چیمپیئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی

جمعہ 9 اکتوبر 2015 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان نے سکواش کے میدان میں کئی سالوں تک حکمرانی کی ہے، انٹرنیشنل ٹائیٹلز کئی برس پاکستان کے نام رہے، اب ایک بار پھر سکواش کے کھلاڑی اس کھیل میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں، نوجوان کھلاڑی اسرار احمد نے جونیئر ایشیئن سکواش چیمپیئن شپ کا ٹائیٹل پاکستان کے نام کیا ہے، قوم کو مستقبل میں ان سے امیدیں وابستہ ہیں، نوجوانوں کیلئے سپورٹس کے میدان میں وسیع مواقع موجود ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولتیں اور رہنمائی فراہم کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جونیئر ایشیئن سکواش چیمپیئن اسراراحمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسرار احمد نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور سے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے سٹارز کو فالو کرنا چاہئے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے گزشتہ تین برسوں میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کی صورت میں بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے،ہم یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

اسرار احمد سکواش کے اچھے کھلاڑی ہیں ان کو ہر طرح کی سہولت اور رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے کھیل کو بہتر بنا کر دوسرے عالمی ٹائیٹل بھی پاکستان کے نام کریں ۔ انہوں نے اسرار احمد کو چیمپیئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کو بہترین تحفہ دیا ہے۔اسرار احمد نے اگست2015میں ایران کے شہر تہران میں ہونیوالی جونیئر ایشیئن سکواش چیمپیئن شپ کا ٹائیٹل جیتا، ستمبر میں سمویا میں ہونیوالی یوتھ اولمپکس گیمز میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، برٹش اوپن جونیئر 2014ء کے فاتح رہے۔ ملائیشیا میں ہونیوالی مائیلو آل سٹار سکواش چیمپیئن شپ کا ٹائیٹل بھی پاکستان کے نام کیا۔

متعلقہ عنوان :