امن وامان ،رواداری اور بھائی چارے کی مستحسن فضا کو فروغ دینے میں میڈیا کا کردار وتعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے،ڈی پی او افتخارالحق

جمعہ 9 اکتوبر 2015 20:02

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء)ڈی پی او افتخارالحق نے کہا ہے کہ امن وامان ،رواداری اور بھائی چارے کی مستحسن فضا کو فروغ دینے میں میڈیا کا کردار وتعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرتی اصلاح وسماجی فلاح کے امور میں میڈیا مثالی مشاورت کا عمل برقرار رکھتے ہوئے بھرپور تعاون فراہم کرے تاکہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے اور شرپسندی کو ہوادینے والے عوامل کا بروقت قلع قمع یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات محرم الحرام کے سلسلہ میں الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا کیلئے منعقدہ بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ڈی پی او افتخارالحق نے کہا کہ میڈیا اور پولیس کے مابین ہمہ وقتی رابطہ و تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے میڈیا کے نمائندگان سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارہ اور بین المسالک ہم آہنگی کی فضا کو مستحکم رکھنے والے امور کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے تاکہ معاشرے میں امن وآتشی اور رواداری کا پیغام بھرپور انداز میں سرایت پذیری حاصل کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ محرم الحرام کے متبرک موقع پر امن عامہ میں بگاڑ پیدا کرنے اور بین المسالک ہم آہنگی کو خراب کرنیوالے عوامل اور افواہ سازی کے خاتمہ کیلئے کردار اداکیا جائے اور حالات و واقعات کی تصدیق کے بغیر کوئی خبرنشریا شائع نہ کی جائے۔ڈی پی او نے یہ بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران اس امر کا بطور خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی ایسی خبرجس سے کسی مسلک کی دل آزاری ہوتی ہو،اسکی اشاعت نہ کی جائے۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان نے مکمل تعاو ن کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن عامہ ،بین المسالک ہم آہنگی اور اخوت وبھائی چارہ کی فضا کو مستحکم بنانے کے ضمن میں تجاویز دیں۔`