کمشنر کراچی کی زیر صدارت انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 9 اکتوبر 2015 19:56

کراچی ۔ 9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کی 8 انتہائی حساس یونین کونسلوں میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، عالمی ادارہ صحت یونیسف، ایڈیشنل ڈی آئی جی پولیس، ایمرجنسی آپریشن سیل برائے پولیو کے افسران، محکمہ صحت کے افسران اور ٹاؤن ہیلتھ افسران نے شر کت کی۔

انسداد پولیو مہم وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی نگرانی میں کراچی کی حساس یونین کونسلوں میں شروع کی گئی ہے۔ انسداد پولیو مہم منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ انٹرنیشنل اداروں اور حکومتی اداروں کی مشاورت اور مدد سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں پولیو کے خاتمہ کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کی سر براہی میں انسداد پولیو مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی تھی۔

کمشنر کراچی ہر ہفتہ جائزہ اجلاس منعقد کر کے مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی مقاصد میں شامل ہے، عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ اور نگرانی کے لئے متعین نمائندوں نے مہم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، مہم کو مزید موثر بنایا جائے گا، حساس یونین کونسلوں میں رہ جانے والے بچوں پر توجہ دی جائے گی، اس سلسلے میں مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی کے لوگوں کا تعاون حاصل کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

اجلاس نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مہم کی کارکردگی قابل تعریف رہی ہے، کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں کو ان یونین کونسلوں میں پولیو سے متاثر ہونے کے باعث ہدف بنایا گیا تھا تاہم مہم کی کوششوں سے تین یونین کونسلوں کو بہتر نتائج کی وجہ سے ہدف سے خارج کر دیا گیا ہے اور اب صرف 8 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے نمائندوں اور محکمہ صحت، پولیس اور انتظامیہ کے افسران انتہائی حساس یونین کونسلوں میں پولیو کے خاتمہ کے لئے پولیو کے قطرے پلانے کی مہم میں مربوط کوششیں کررہی ہے۔

اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ٹاؤن ہیلتھ افسران نے کمشنر کراچی کو حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :