کراچی ،ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر یونیورسل پوسٹل یونین برن سوئٹزرلینڈ کی سرپرستی میں عالمی مقابلہ خطوط نویسی کا انعقاد

جمعہ 9 اکتوبر 2015 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ڈاک کاعالمی دن یونیورسل پوسٹل یونین کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال 9اکتوبر کومنایا جاتا ہے یونیورسل پوسٹل یونین 1874ء میں معرض وجود میں آیا جو دنیا بھر میں ہر سال مواصلات کے انقلاب کا باعث بنا۔ اسی حوالے سے ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان پوسٹ ڈاک کا ایک سو بیالیسواں عالمی دن منا رہا ہے۔

ڈاک کے عالمی دن کو منانے کا مقصد شعبہ ڈاک کے کردار سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اس شعبہ کے حصے کو اجاگر کرنا ہے۔عوام الناس کو محکمہ ڈاک کی تاریخ اور اسکی خود کو عالمی مارکیٹ میں جگہ بنائے رکھنے کی صلاحیت سے روشناس کرانے کیلئے ہر سال اس دن کو منایا جاتا ہے۔ ہر سال تقریباً190 ممالک ڈاک کے عالمی دن کو مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ ممالک اس خاص دن کے موقع پر اپنی مصنوعات اور ڈاک کی خدمات کو فروغ دیتے ہیں اور اچھی کارکردگی پر اپنے ملازمین کو انعامات سے نوازتے ہیں۔ ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر تخلیقی سرگرمیاں جن میں ثقافتی کھیل، ڈاک خانوں میں پوسٹروں کو آویزاں کرنا اور سیمینار منعقد کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ اس روز محکمہ ڈاک کے اعلٰی افسران خطاب کرتے ہیں جس میں محکمہ ڈاک کی خدمات کے بارے میں روشنی ڈالی جاتی ہے۔

پاکستان میں اس موقع کے لئے یونیورسل پوسٹل یونین برن سوئٹزرلینڈ کی سرپرستی میں عالمی مقابلہ خطوط نویسی منقعد کروایا گیا۔ جس میں بی ایم بی ٹوڈلرز گرلز سیکنڈری اسکول، فریر روڈ کراچی کی دسویں جماعت کی طالبہ مس ماہ نور احمد بنت معین سعید کو اول آنے پر بی ایم بی اسکول میں مورخہ ۹، اکتوبر2015؁ء کو ایک تقریب کے دوران نقد انعامی رقم مبلغ 20,000/- روپے ، سند برائے اہلیت اور یادگاری ڈاک ٹکٹ کے البم محترمہ نوشابہ اقبال ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز (ساؤتھ) کراچی نے پیش کیا۔

اس موقع پر طلباء وطالبات نے کراچی جی پی او / صدر جی پی او / الحیدری جی پی او اور ڈی ایم او کا دورہ کیا اور انکو پوسٹ آفس کے کام کرنے کے طریقوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔کراچی میں حسب معمول ڈاک کا عالمی دن 9 اکتوبر 2015 کو دفتر پوسٹ ماسٹر جنرل میٹروپولیٹن سرکل، اسٹریٹ نمبر 19 بلاک 2 ، کلفٹن کراچی میں منایا گیا۔ یونیورسل پوسٹل یونین کا جھنڈا محمد اخلاق رانا، پوسٹ ماسٹر جنرل، صوبہ سندھ نے لہرایا۔

پرچم کشائی کے بعد ڈاک کے عالمی دن کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ محکمہ ڈاک کے حاضر سروس اور ریٹائرڈآفیسر اور ملازمین کے علاوہ قابل احترام مہمان گرامی نے اس تقریب میں شرکت کی۔ رضوان الحق ہاشمی نے پرچم کشائی کے بعد قرآن پاک کی تلاوت اور دعا کی۔ محمد اخلاق رانا، پوسٹ ماسٹر جنرل، صوبہ سندھ نے یونیورسل پوسٹل یونین کے ڈائریکٹر جنرل بشار عبدالرحمن حسین کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

اس پیغام میں ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین نے آگاہ کیا کہ دنیا بھر میں 640,000 ڈاک خانے عالمی معیشت اور روزگار کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنے اس پیغام میں ڈائریکٹر جنرل، یونیورسل پوسٹل یونین نے ارتقاء اور استحکام جیسے خاص عوامل پر زور دیا ہے جو کہ محکمہ ڈاک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ان کے مطابق کامیاب اور مستحکم محکمہ ڈاک کو ایک ایسے نیٹ ورک کی ضرورت ہے جو کہ دائمی طور پر نہ صرف علاقائی بلکہ بین الا قوامی طور پربھی مستحکم ہو۔ مکمل استحکام وہ تمام خاص عوامل کی شمولیت کا متقاضی ہے جو کہ ڈاک کی تقسیم جس میں کسٹمر اور ٹرانسپورٹ اور بین الا قوامی تجارت کیلئے معاون ہو۔ محمد اخلاق رانا، پوسٹ ماسٹر جنرل،صوبہ سندھ نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسل پوسٹل یونین کے کردار کوبھی اجاگر کیا اور پاکستان پوسٹ کی ان کاوشوں پر روشنی ڈالی جو اس محکمہ نے پاکستان کی معاشی ترقی اور ڈاک کی خدمات کو جدید رجحان کی طرف لیجانے سے متعلق کیں۔

انھوں نے اسکول کے بچوں کو جنرل پوسٹ آفیسز اور میل آفس کے دوروں اور طلباء و طالبات میں بین الاقوامی خطوط نویسی کے مقابلوں میں شرکت کی تعمیری سرگرمیوں کو بھی سراہا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی اظہر رشیدخان ، ڈی آئی جی (کرائم) ، پولیس سروس آف پاکستان نے اس موقع پر محکمہ ڈاک کے بارے میں اپنے گراں قدر خیالات کا اظہار کیا۔ محمد جلیل ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز (ویسٹ ) کراچی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :