خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران1248ون ویلرز گرفتار،مقدمات درج

نوجوان نسل معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں ون ویلنگ کی نذر نہیں ہو نے دیا جائے گا‘طیب حفیظ چیمہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 18:49

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) چیف ٹر یفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہاہے کہ شہر بھر میں ون ویلرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلے میں اینٹی ون ویلنگ سپیشل اسکواڈ بھی شہر بھر میں ون ویلنگ کی حوصلہ شکنی اور انسدادی کارروائی میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کرتے ہوئے1248ون ویلرز کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمات درج کروائے ہیں ۔

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ایس پی سٹی محمد آصف صدیق اور ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ کی نگرانی میں تمام ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز ون ویلرز کے خلاف کارروائی ہرممکن یقینی بنائیں، کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں اس سلسلے میں غفلت ،کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ نوجوان نسل مستقبل کاقیمتی اثاثہ ہیں اور ملک وقوم کے مستقبل کوون ویلنگ کی نذر ہو نے نہیں دیا جا ئے گابلکہ ہمیں انکی توانائیوں کوتعمیری کاموں کیلئے استعمال کرناہے۔

والدین اور شہری اپنے پیاروں کواس خطرناک کھیل سے دوررکھیں۔ ون ویلنگ اور تیز رفتار ی کا مظاہرہ کر نے والوں کیخلاف سخت کاروائی جاری ہے ۔جس کا مقصد نوجوان نسل کو اس خونی کھیل سے باز رکھنا ہے،چیف ٹریفک آفیسر لاہورنے کہا کہ ون ویلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں شہریوں کا تعاون بھی قابل ستائش ہے ،ان کی بر وقت اطلاع اور مثبت کردار سے ون ویلرز کیخلاف کاروائی کرنے میں مزید آسانی ہوتی ہے۔شہر بھرمیں ون ویلرز کیخلاف کاروائی کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں،ون ویلنگ کے خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔