Live Updates

اگر اب دھاندلی پکڑی گئی تو ایسا احتجاج ہوگا جس سے حکومت کیلئے چلنا مشکل ہو جائے گا‘ عمران خان

(ن) لیگ کی واردات کو روکنے کے طریقے ڈھونڈ لئے ہیں ، دھاندلی کے باوجود شکست دینگے‘ چیئرمین پی ٹی آئی

جمعہ 9 اکتوبر 2015 18:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے باوجود (ن) لیگ کو شکست دیں گے ،اگر اب دھاندلی پکڑی گئی تو ایسا احتجاج ہوگا جس سے حکومت کے لئے چلنا مشکل ہو جائے گا ،11اکتوبر کو فیصلہ ہو جائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے حافظ سلمان بٹ نے این اے 122کے انتخاب میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دھاندلی روکنے کیلئے اپنے پولنگ ایجنٹس کی زبردست تربیت کی ہے اورا س پر چوہدری محمد سرور مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

عبد العلیم خان نے حلقے میں زبردست مہم چلائی ،11اکتوبر کو فیصلہ ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے دھاندلی کی پوری کوشش کرنی ہے کیونکہ یہ غیر جانبدار امپائر کے ساتھ میچ نہیں کھیلتے لیکن یہ جو مرضی کر لیں ہم ہر صورت میچ جیتیں گے ۔ ہم نے انکی واردات کو روکنے کے طریقے ڈھونڈ لئے ہیں ۔ دھاندلی کے باوجود (ن) لیگ کو شکست دیں گے ۔ اب ہم 2013ء کی طرح انتظار نہیں کریں گے اگر ان کی دھاندلی پکڑی گئی تو سڑکوں پر ایسے مظاہرے ہوں گے جس سے حکومت کے لئے چلنا مشکل ہو جائے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات