لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود الطاف حسین کی خبریں نشر وشائع ہونے پر چیئرمین پیمر کو 16اکتوبر کو طلب کرلیا

جمعہ 9 اکتوبر 2015 18:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خبریں نشر اور شائع کرنے پر چیئرمین پمرا کو 16اکتوبر کو طلب کرلیا ۔ جمعہ کولاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے الطاف حسین کے خلاف ایک نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کی جس میں اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم کے قائد کیخلاف غدرداری کامقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار عبداﷲ ملک کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالتی پابندی کے باوجود پانچ اکتوبر کو الطاف حسین کے خلاف منی لارڈنگ کیس کی خبریں نشر اور شائع کی گئی اس پر چیئرمین پمرا کیخلاف کارروائی کی جائے۔ الطاف حسین کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے سپریم کورٹ میں مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہوئیں اور ان کی جانب سے التواکی درخواست کی گئی۔فاضل عدالت نے چیئرمین پمرا کو 16اکتوبر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔