ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ جی پی او میں تقریب کا اہتمام

جمعہ 9 اکتوبر 2015 18:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ جی پی او میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی خالد اویس رانجھا پوسٹ ماسٹر جنرل بلوچستان نے ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین کا پیغام پڑھ کر سنایا کہ اگر چہ رسل ورسائل کے جدید ذرائع سے ڈاک کو چیلنجز درپیش ہیں مگر پوسٹ نے ان چیلنجزکو مارکیٹ میں کامیاب مواقعوں میں تبدیل کیا ہے کیونکہ ڈاک کے ذمہ داروں کو بخوبی ادراک ہے کہ ایک تیز رفتار اور موثر کارکردگی ہی ڈاک کی بقا ء کی ضرورت اور ضامن ہے یونیورسل پوسٹل یونین کا وجود 1874 میں وجود میں آیا۔

جو کہ 192 ممبر ممالک میں محکمہ ڈاک کے ملازمین کے لیے ہے۔ پوسٹ ماسٹر جنرل نے ڈاک کی تعریف کے بارے میں بتایا کی ڈاک کا نظام 225 سال قبل از مسیح سے کسی نہ کسی صورت میں موجود تھا۔

(جاری ہے)

خلیفہ دوئم حضرت عمر نے ایک منظم ڈاک کا نظام قائم کیا جو ان کے تدبر کی بہترین مثال ہے اور مسلمانوں کے لیے ڈاک کے بارے میں ایک بہترین کاوش ہے۔1840 میں سر رولینڈ ہل نے برطانیہ میں پہلے ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا۔

یکم جولائی 1948 ء سے اسے اقوام متحدہ کی ایک آرگنائزیشن کا درجہ دیا گیا۔15 جولائی 1948 ء کو پاکستان کے پہلے ڈاک ٹکٹ کا اجراء ہوا جو قائد اعظم محمد علی جناح کو پیش کیا گیاموجودہ دور میں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی ڈاک کے نظام کو متاثر کیاہے اور خطوط کی تعداد کم ہوئی ہے مگر اس کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔اس وقت بلوچستان میں 6 جی پی او سمیت 469 چھوٹے بڑے ڈاک خانے عوام کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں پا کستان پوسٹ نے اپنی مختلف سروسز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو شامل کیا ہے تا کہ بہترطور پر خدمات کو انجام دیا جا سکے۔

انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی اور سکول کے طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جہنوں نے اس اہم دن تقریب میں شرکت کی اور ڈاک کے ملازمین کا حوصلہ بڑھایا اور پاکستان پوسٹ کے بارے میں پوری آگاہی حاصل کی۔ جبکہ منظور احمد بنگلزئی چیف پوسٹ ماسٹر نے ڈاک کے نظام میں جدید تقاضوں کے مطابق آنے والی تبدیلیوں اور ڈاک کو درپیش چیلینجز پر روشنی ڈالی۔ ا س موقع پر محمد یوسف آفریدی ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل بلوچستان،،عبدالرحمان ڈائریکٹر پوسٹل لائف انشورنس کوئٹہ،فیصل جہانگیر مارکیٹنگ آفیسر پاکستان پوسٹ ،و دیگر آفیسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اس موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں عوام الناس نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ `