میڈیا پر ہتک آمیز الفاظ روکنے کیلئے پیمرا میں شکایت کی جائے،پرویز رشید

یہ نازک اور حساس معاملہ ہے، پروگراموں سے کئی لوگوں کو اختلاف تو کئی لوگ حق میں ہوتے ہیں،وزیراطلاعات میڈیا پر پروگراموں میں سیاسی شخصیات اور پارلیمنٹرین پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے،چوہدری تنویر کا توجہ دلاؤ نوٹس

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا پر سیاسی شخصیات یا پارلیمینٹرین پر ہتک آمیز الفاظ یا تقاریر نشر کرنے سے روکنے کیلئے پیمرا میں کونسل آف کمپلینٹس کا ادارہ موجود ہے وہاں پر شکایت کی جائے تو پھر کونسل متعلقہ چینل کو جرمانہ یا نوٹس جاری کرتی ہے لیکن سپریم کورٹ میں ہتک آمیز کے حوالے سے متعدد کیسز پڑے ہیں جن پر حکم امتناعی لیا جا چکا ہے ایوان بالا اس معاملے پر ایسے فیصلہ کرے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو جمعہ کے روز سینیٹر چوہدری تنویر نے سینٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس میں ایوان بالا کو آگاہ کیا کہ میڈیا پر مختلف پروگراموں میں سیاسی شخصیات اور پارلیمنٹرین پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے جس طرح عدلیہ اور فوج پر میڈیا بات کرنے کا پابند ہے تو پھر ہمارے پر کیچڑ اچھالنے کیلئے پیمرا کے پاس کوئی رول موجود کیوں نہیں ہے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ یہ ایک نازک اور حساس معاملہ ہے اور میڈیا پر نشر ہونے والے پروگراموں سے کئی لوگوں کو اختلاف تو کئی لوگ اس کے حق میں ہوتے ہیں لیکن آزاد اظہار رائے اور جمہوری آزادی کے حوالے سے فیصلوں کو بھی قبول کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہتک آمیز کے حوالے سے اب تک سپریم کورٹ میں کئی کیسز گئے اور لوگوں نے حکم امتناعی پرحاصل کر لیا لیکن پیمرا میں ایسے اقدامات کو روکنے کیلئے کونسل آف کمپلینٹس کا ادارہ موجود ہے جو باتیں جس پارلیمینٹرین کو ناگوار گزریں وہ کونسل سے شکایت کرے اور پھر پیمرا اسی چینل کو جرمانہ یا نوٹس بھیجتا ہے لیکن ایسے معاملات کی روک تھام کیلئے مضبوط فیصلے کرنے ہونگے۔

متعلقہ عنوان :