ایچ ای سی اور انجینئرنگ کونسل کا انجینئرنگ کی ڈگریوں کے اجراء

اور تصدیق کے عمل میں آسانی کیلئے مل کر کام کرنے کا اعادہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:40

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ملک میں انجینئرنگ کی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اور نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس ضمن میں دونوں ادارے طلبہ کی سہولت کیلئے انجینئرنگ کی ڈگریوں کے اجراء اور تصدیق کے طریقہ کار میں مزید آسانی لانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔

علاوہ ازیں ایچ ای سی اور پی ای سی دونوں یونیورسٹیوں اور انجینئرنگ کے دیگر تعلیمی اداروں میں بہترین تعلیمی معیار کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اچانک دوروں کا کا بھی اہتمام کریں گے۔ اس امر کا فیصلہ دونوں اداروں کے سربراہان بشمول چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور چیئرمین پی ای سی جاوید سلیم قریشی کے مابین پہلی باضابطہ نشست کے دوران کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چیئرمین پی ای سی جاوید سلیم، جو سرکاری اور نجی شعبہ جات میں 30 سالہ وسیع تجربہ کے حامل ہیں، کا اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ایچ ای سی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انجینئرنگ کے شعبہ میں جاوید سلیم کے وسیع تجربہ سے پی ای سی کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر مختار احمد نے چیئرمین پی ای سی کو ڈگریوں کی تصدیق کے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پیشہ ورانہ ڈگریوں کی ایچ ای سی سے تصدیق کے لئے ان تعلیمی اسناد کی متعلقہ محکمہ سے تصدیق لازمی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب کا ہر تین سال بعد مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ فراہم کردہ تعلیم بین الاقوامی معیار اور ملکی ضروریات کے مطابق ہو۔

ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کی جانب سے تعلیمی اداروں کی فلاح و ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا مجموعی جائزہ بھی پیش کیا جن میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے نئے قوانین کا تعارف، شعبہ انسانی وسائل جیسا کہ اساتذہ اور دیگر ملازمین کی خدمات کے حصول کے مروجہ قوانین اور شفاف طریقہ کار، تکنیکی سہولیات کی دستیابی میں اضافہ، پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کا قیام، ڈیجیٹل لائبریری، غیر ملکی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں سے پیشہ ورانہ تعاون اور دیگر کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔

چیئرمین پی ای سی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پی ای سی انجینئرنگ کسی بھی ایسی ڈگری کی تصدیق اور اجراء کی اجازت نہیں دے گی جو ادارے کی پالیسی سے متصادم ہو۔