انڈہ ملاوٹ سے پاک مکمل غذا ہے

پاکستان میں انڈوں کی فی کس سالانہ کھپت ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کم ہے، ماہرین کا تقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:37

راولپنڈی ۔09 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) انڈہ ایک ایسی مکمل غذا ہے جس میں ملاوٹ ممکن نہیں ہے اور انڈے کی غذائی افادیت کے بارے میں عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ہر سال دنیا بھر میں اکتوبر کے دوسرے جمعہ کو ”ورلڈ ایگ ڈے“ منایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انڈے کی غذائی افادیت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے ڈاکٹر عارف محبوب نے اپنے لیکچر میں کیا۔

اس موقع پر صدر آر سی سی میاں ھمایوں پرویز ،پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد سلیم ملک ،آر سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب رفیق ،نائب صدر عاقل عبید، سابق صدر منظر خورشید، صبور ملک، محمد عامر، ڈاکٹر حسن سروش، فاطمہ جناح یونیورسٹی کی طالبات، چیمبر ممبر ان اور سول سوسائٹی کے اراکین موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف محبوب نے کہا کہ پاکستان میں انڈوں کی فی کس سالانہ کھپت ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کافی کم ہے ․ پاکستان میں تقریباً 80 انڈے فی کس سالانہ کھائے جاتے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں یہ شرح 300 سے 400 انڈے فی کس سالانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کے لیے انڈہ ایک بھرپور غذاء ہے اور ماں بننے کے عمل کے دوران انڈے کے وافر استعمال سے پیدا ہونے والے بچے کی ذہنی نشوونماء پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غذائی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہر شہری کو روزانہ دو انڈوں کا استعمال کرنا چاہئے۔