الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی درخواستوں کی سماعت 16 اکتو بر تک ملتوی

آئندہ سماعت پر چیئرمین پیمرا طلب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:33

لاہور۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی درخواستوں کی سماعت16 اکتو بر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرچیئرمین پیمرا کو طلب کر لیا۔ جمعہ کو جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں جسٹس مظہر اقبال سیدھو، جسٹس ارم سجاد گل پر مشتمل تین رکنی فل بنچ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کے وکلاء عاصمہ جہانگیر اور ڈاکٹر خالد رانجھا کی طرف سے سپریم کورٹ میں مصروفیت کی بناء پر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جبکہ درخواست گذار وکلاء آفتاب ورک ، عبد اللہ ملک نے عدالت میں گذشتہ سماعت پر الطاف حسین کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی کے جواب میں اپنابیان حلفی جمع کرایا۔ جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا بیان حلفی قانون کے مطابق درست نہیں، عدالتی حکم کے باوجود میڈیا پر الطاف حسین کے بیانات ، تصاویر نشر اور شائع کی جارہی ہیں۔ عدالت نے میڈیا پر الطاف حسین کے بیانات اور تصاویر نشر کرنے کے حوالے سے آئندہ سماعت پر چیئرمین پیمرا کو طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 اکتو بر تک ملتوی کر دی ۔