ن) لیگ اورپی ٹی آئی کے جلسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے سینکڑوں اہلکار تعینات رہے

جلسہ گاہوں کے اندر اوراطراف میں وقفے وقفے سے سویپنگ کی جاتی رہی ،سنائپرز نے بھی فرائض سر انجام دئیے

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے جلسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پولیس کے سینکڑوں اہلکاروں نے فرائض سر انجام دئیے جبکہ ٹریفک وارڈنز کی بھی ایک بڑی تعداد تعینات رہی ۔مسلم لیگ (ن) کے سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ جبکہ پی ٹی آئی کے قرطبہ چوک مزنگ میں منعقد کئے جانے والے جلسوں کی حفاظت کیلئے افسران اور اہلکاروں سمیت سینکڑوں اہلکار تعینات رہے ۔

(جاری ہے)

جلسہ گاہوں کے داخلی راستوں ، اندرونی حصوں اور اطراف میں اہلکاروں نے مقررہ وقت سے قبل ہی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں جبکہ دونوں جماعتوں کے اپنے کارکن بھی حفاظتی ڈیوٹیاں سر انجام دیتے رہے ۔ درجنوں ٹریفک وارڈنز بھی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے تعینات رہے ۔کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئیجلسہ گاہوں کے قریب واقعہ عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات رہے۔پولیس کے اعلیٰ افسران وقفے وقفے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے جبکہ جلسہ گاہوں کے اطراف میں پیٹرولنگ بھی کی جاتی رہی۔ٹریفک پولیس کی طرف سے جلسہ گاہوں کی طرف آنے والے راستوں کو کئی گھنٹے قبل ہی عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش رہیں ۔