غلط بلنگ ہوئی ہے تو صارفین کو تصحیح شدہ بل بھجوائے جائیں، سینیٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کا اظہار خیال

جمعہ 9 اکتوبر 2015 16:16

اسلام آباد ۔9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ایوان بالا میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے کہا ہے کہ نیپرا کی رپورٹ اور نیپرا کے معاملات کا حکومت کو جائزہ لینا چاہیے‘ حکومت توانائی کے بحران کے حل پر بھی توجہ دے‘ اگر غلط بلنگ ہوئی ہے تو صارفین کو تصحیح شدہ بل بھجوائے جائیں۔ جمعہ کو ایوان بالا میں نیپرا کی طرف سے صارفین سے زائد بل وصول کرنے سے متعلق رپورٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ توانائی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

صارفین کو غلط بل بھجوانے کا معاملہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر پانی و بجلی بہت متحرک ہیں لیکن اس سلسلے میں خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکا۔ شاہی سید نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ کے حوالے سے حکومت کو جواب دینا چاہیے‘ حکومت توانائی بحران کے حل پر بھی توجہ دے۔

(جاری ہے)

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نیپرا کے پانچ میں سے چار ارکان کا تقرر موجودہ حکومت نے کیا ہے۔

اگر نیپرا کہتا ہے کہ 70 فیصد غلط بلنگ ہوئی ہے تو صارفین کو تصحیح شدہ بل بھجوائے جائیں‘ اس معاملہ کی نیب سے تحقیقات کرائی جائے اور یہ معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا جائے۔ سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ کے پی کے کو کم بجلی دی گئی۔ بجلی چوری بڑھتی جارہی ہے اور یہی سب سے اہم مسئلہ ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے حکومت ان کو درست کرنے کی کوشش کرے۔

نیپرا کے معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے۔ نیپرا اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی طرف سے آنکھیں بند کئے بیٹھی ہے اور عام آدمی تک فائدہ نہیں پہنچنے دیا جارہا۔ سسی پلیجو نے کہا کہ غلط بلنگ کا معاملہ کمیٹی میں جانا چاہیے۔ تین صوبے اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہے ہیں‘ اگر کیٹی بندر جیسے منصوبے ہوتے تو آج لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش نہ ہوتا۔

رحمان ملک نے کہا کہ جب 30 فیصد تک لائن لاسز ہوں تو لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر کیسے قابو پایا جاسکتا ہے جس طرح نظام ہمارے دور میں چل رہا تھا اب بھی ویسا ہی چل رہا ہے۔ کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد حکومت کیلئے لازم ہونا چاہیے ورنہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ غلطیوں کو تسلیم کیا جائے ہم کمیٹی میں اپنی تجاویز تفصیل سے دیں گے۔ چیئرمین نے کہا کہ پیر کو وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اس حوالے سے بحث سمیٹیں گے۔

متعلقہ عنوان :