قومی یکجہتی کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہم ہے ، صدر مملکت ممنون حسین

جمعہ 9 اکتوبر 2015 16:13

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے اور ملکی مسائل کے حل نیز قومی یکجہتی کے فروغ میں اس کا کردار نہایت اہم ہے، انتہا پسندی، فرقہ واریت، دہشت گردی اور مختلف قسم کے تعصبات کے خلاف جنگ میں ذرائع ابلاغ کا کردار ہراول دستے کا ہے کیونکہ وہ رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار کر سکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ایوانِ صدر میں اْن سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے الیکٹرانک میڈیا کا نیا ضابطہ اخلاق صدرِ مملکت کو پیش کیا اور اس کی تیاری کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے ضابطہ اخلاق کے لئے قائم کی گئی وزیرِاعظم کی خصوصی کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 13 برس بعد ایک متفقہ ضابطہ اخلاق کی تیاری ایک اہم سنگ میل ہے۔

صدر مملکت نے اس سلسلے میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ( پی بی اے ) کے تعاون کو بھی سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ذرائع ابلاغ اسی رضاکارانہ جذبے کے ساتھ اس ضابطہ اخلاق پر عمل بھی کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو اپنی ساکھ کا خیال رکھنا چاہئے اور اسلامی اقدار، تہذیب و ثقافت اور قومی تقاضوں کو کسی بھی مصلحت پر قربان نہیں ہونے دینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :