سید طارق فاطمی سے بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے جمہوریہ بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ ویلنٹائن رائبا کوف نے جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوریہ بیلا روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے جو وزیراعظم پاکستان کے اگست میں منسک کے دورے اور بیلا روس کے صدر کے مئی میں اسلام آباد کے دورے سے مزید مستحکم ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ منسک میں پاکستانی سفارتخانے کے قیام سے دوطرفہ تعلقات کو مزید استحکام ملتا ہے ، معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اقتصادی تعلقات آنیوالے مہینوں میں مزید مستحکم ہونگے اور بیلا روس کے تاجر معیشت کے متنوع شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائینگے، سید طارق فاطمی نے بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف کے پرامن ہمسائیگی کے ویژن سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے علاقائی امن ضروری ہے۔ بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کیلئے مل کر کام کرینگے۔