خیرپور ٹامہیوالی بہاولپور میں پولیو ویکسین سے2بچوں کی ہلاکت پرپنجاب اسمبلی تحریک التوائے کارجمع

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے خیر پور ٹامہیوالی حاصل پور ضلع بہاولپور میں پولیو ویکسین سے 2بچوں کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔

(جاری ہے)

تحریک التوائے کار جمع کروانے کے بعد پنجا ب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی ڈینکی سپرے کے بعد جعلی ادویات سپلائی کرنے والے ہمارے بچوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال میں جعلی ادویات کی فراہمی اور کھانسی کے سیرپ سے سینکڑوں مریض موت کے منہ میں چلے گئے اگر ان کے ذمہ داروں کو قرار واقع سزا ملی ہوتی تو کسی کو جعلی یا غلط ادویات سپلائی کرنے کی جرات نہ ہوتی۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے نئے ڈرگ ایکٹ کے تحت ناقص پولیسو ویکسین سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے اور انسانی جانوں کے نقصان سے بچاجاسکے۔