جماعت اسلامی حلقہ این اے 122پر تقسیم ہو چکی ان کے عہدیداران اور کارکن (ن)لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں‘ ایاز صادق کا دعویٰ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی حلقہ این اے 122پر تقسیم ہو چکی ان کے عہدیداران اور کارکن (ن)لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں،مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کریگی، عمران خان صرف وزیراعظم بننے کے لئے انا کی سیاست کر رہے ہیں،عبدالعلیم خان میں جان ہوتی توعمران خان کوباربار حلقے میں نہ آناپڑتا،جوبھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہا ہے الیکشن کمیشن اس کے خلاف ایکشن لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 122لاہور سے جمعیت علمائے اسلام (س) کی جانب سے مسلم لیگ (ن)کی حمایت کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر این اے 122میں کامیابی حاصل کرے گی۔تحریک انصاف 2013والی جماعت نہیں رہی بلکہ اس کا ہرجھوٹ اوریوٹرن عوام کے سامنے ہے، عمران خان صرف وزیراعظم بننے کے لئے الزامات اور انا کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این اے 122کا مقابلہ نوٹ اور ووٹ کے درمیان ہے۔اگر یہ نوٹوں کا الیکشن ہوتا تو علیم خان کبھی انتخابات نہ ہارتے، علیم خان میں جان ہوتی توعمران خان کوباربار حلقے میں نہ آناپڑتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی این اے 122پر تقسیم ہو چکی ہے۔ جماعت اسلامی کے عہدیداران اور کارکن (ن)لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جوبھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہا ہے الیکشن کمیشن اس کے خلاف ایکشن لے۔جمعیت علمائے اسلام (س ) کی جانب سے مسلم لیگ (ن)کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔