جمعیت علماء اسلام (س) کا این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام (س) نے این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کردیا‘ سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ علیم خان میں جان ہوتی تو عمران خان کو بار بار نہ آنا پڑتا‘ جماعت اسلامی کے سینئر عہدیدار نے مجھ سے رابطہ کرکے حمایت کا اعلان کیا ہے‘ علیم خان کی حمایت کے معاملے پر جماعت اسلامی میں اختلافات ہیں۔

جمعہ کو جے یو آئی (س) کے رہنماؤں نے این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر جھوٹ اور یو ٹرن پکڑا گیا عمران خان وزیراعظم بننے کے لئے انا کی سیاست کررہے ہیں علیم خان میں جان ہوتی تو عمران خان کو بار بار نہ آنا پڑتا۔

(جاری ہے)

حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملکی حالات بہتر ہورہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی انا اور ضد کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (س) کی طرف سے حمایت پر شکر گزار ہیں مسلم لیگ (ن) کی ماضی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عوام ووٹ دینگے۔ جماعت اسلامی کے سینئر عہدیدار نے بھی (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے سینئر عہدیدار نے مجھ سے فون پر رابطہ کیا ہے اور بتایا کہ انہیں علیم خان پر اعتماد نہیں علیم خان کی حمایت پر جماعت اسلامی میں اختلافات ہیں۔ گزشتہ روز قاضی حسین احمد کے بیٹے نے بھی میری حمایت کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :