لاہور ، ماڈل ٹاؤن کچہری میں وکلا گردی ، ملزم کو ضمانت نہ دینے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو تالا لگا دیاگیا

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) لاہور میں ماڈل ٹاؤن کچہری میں وکلاء گردی کرتے ہوئے ملزم کو ضمانت نہ دینے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کو کمرہ عدالت سے باہر نکال کر عدالت کو تالا لگا دیا‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کچہری پہنچ کر عدالت کا تالا کھلوایا اور تالا لگانے والے وکیل کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ماڈل ٹاؤن کچہری میں وکلاء نے ملزم کو ضمانت نہ دینے پر جوڈیشل مجسٹریٹ افتخار حسین کو باہر نکال کر کمرہ عدالت کو تالا لگا دیا جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ فوری طور پر ماڈل ٹاؤن کچہری پہنچے اور عدالت کا تالا کھلوایا۔ چیف جسٹس نے تمام جوڈیشل افسران کو ہدایت کی کہ اپنا کام کریں میں دیکھتا ہوں کہ کون تالے لگواتا ہے سائلین پہلے ہی انصاف کے لئے بھٹک رہے ہیں وکلاء کے رویے سے اور زیادہ پریشان ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس منظور ملک سے ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے بھی ملاقات کی اور یقین دہانی کروائی کہ دوبارہ اس طرح کا واقع نہیں ہوگا جس پر جسٹس منظور ملک نے تالا لگانے والے وکیل ندیم کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح عدالت کو تالا لگانا ہے تو میں خود ہی عدالتیں بند کردیتا ہوں۔ عدالت کو تالا لگانے کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔

متعلقہ عنوان :