خیبرپختونخوا حکومت کے قومی وطن پارٹی کو دو وزارتیں د نے کے فیصلے کے بعد وزیر ایچ ای سی اور وزیر خوراک کے درمیان وزارت چھوڑنے کا فیصلہ ٹاس پر ہوگا

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے نئی اتحادی جماعت قومی وطن پارٹی کو دو وزارتیں دیئے جانے کے فیصلے کے بعد وزیر ایچ ای سی مشتاق غنی اور وزیر خوراک قلندر لودھی کے درمیان وزارت چھوڑنے کا فیصلہ نہ ہوسکا جس کے بعد فیصلہ ٹاس پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو مشتاق غنی اور قلندر لودھی میں تین گھنٹے کی طویل ملاقات ہوئی تاہم دونوں اپنا اپنا قلمدان چھوڑنے پر راضی نہ ہوئے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کی طرف سے دونوں وزراء کے متفق نہ ہونے پر ٹاس کے ذریعے فیصلہ ہوگا۔ واضح رہے کہ اتحاد کے بعد صوبائی حکومت نے دو وزارتیں قومی وطن پارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ نے مشتاق غنی اور قلندر لودھی کو آپس میں مشورے کے بعد آٹھ اکتوبر تک کسی ایک کو وزارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبائی وزراء کی تعداد 14 سے زیادہ نہیں ہوسکتی جس کی وجہ سے مشتاق غنی اور قلندر لودھی میں سے کسی ایک کی وزارت کی قربانی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔