ٹیکسلا ، مارگلہ کی پہاڑیوں میں بلاسٹنگ کے دوران پہاڑ گر نے سے متعدد مزدور پہاڑ تلے دب گئے

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:06

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں مارگلہ کی پہاڑیوں میں سرنگ بلاسٹنگ کے دوران دھماکے سے پہاڑ کا ایک حصہ سرک گیا جس سے متعدد مزدور پہاڑ تلے دب گئے ، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبہ اٹھانے کا کام شروع کردیا گیا ۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں تھانہ کینٹ کی حدود میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر سرنگ میں بجری ( کریش ) کے حصول کیلئے کریش بلاسٹنگ کی گئی جس سے پہاڑی کا ایک حصہ اپنی جگہ سے سرک گیا اور متعدد مزدور پہاڑی تلے دب گئے واقع کے بعد وہاں موجود مراد نامی مزدور نے حادثے سے متعلق پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے ریسکیو 1122 سمیت دیگر ریسکیو اداروں کو مطلع کیا اور فوری طور پر ریسکیو کی ملبہ اٹھانے والی گاڑیوں سمیت ایمبولینس اور طبی عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ریسکیو کاموں کا آغاز کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر پہاڑی کاملبہ اٹھا کر دبے مزدوروں کو نکالنے کا کام کیا جائے گا تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے اس کے بعد ہی دیگر امدادی کام مکمل کئے جائینگے ٹیکسلا پولیس کے مطابق ملبے تلے متعدد مزدور دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ابتدائی طورپر چھ سے دس مزدوروں کے دبے جانے کی اطلاعات ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات آنے پر ہی کچھ کہا جاسکے گا ۔