بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کے 2400 پلاٹ میں آئینی اداروں کے ملازمین کا کوٹہ 49 ہے، وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات

جمعہ 9 اکتوبر 2015 15:01

اسلام آباد ۔9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم میں آئینی اداروں کے ملازمین کے لئے 49 پلاٹ مختص ہیں‘ تصدیق کے بعد ان اداروں کے ملازمین کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کردیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر صلاح الدین ترمذی کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات نے کہا کہ بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم میں 2400 پلاٹ ہیں جن میں آئینی اداروں کے ملازمین کا کوٹہ 49 ہے‘ آئینی اداروں کے ملازمین کی تصدیق کے لئے ان کے اداروں کو خطوط ارسال کئے گئے ہیں جس کے بعد ان کو بھی الاٹمنٹ لیٹرز جاری کردیئے جائیں گے۔

قبل ازیں صلاح الدین ترمذی نے توجہ مبذول نوٹس پر کہا کہ بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم میں آئینی اداروں کے ملازمین کے سوا دیگر تمام وفاقی ملازمین کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کردیئے گئے ہیں۔