آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت کیلئے 45.120 ملین روپے کا پی سی ون منظور ہو چکا ، سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین کی سروس روڈز کی بحالی کے کام کا آغاز فنڈز ملتے ہی کردیا جائے گا،شیخ آفتاب احمد

جمعہ 9 اکتوبر 2015 14:59

اسلام آباد ۔9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت کیلئے 45.120 ملین روپے کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری تنویر خان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آئی جے پی روڈ کی مرمت کیلئے 45.120 ملین روپے کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے‘ فنڈز دستیاب ہوتے ہی اس کی مرمت کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

چوہدری تنویر خان نے کہا کہ اس روڈ کی حالت بہت خراب ہے اور عوام کو شدید تکلیف کا سامنا ہے اس سڑک کی فوری مرمت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ایوان بالا کو بتایا گیا کہ سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین کی سروس روڈز کی بحالی کا تخمینہ منظور ہو چکا ہے اس پر کام کا آغاز فنڈز ملنے کے ساتھ ہی کردیا جائے گا۔ سینیٹر نزہت صادق کے سوال کے تحریری جواب میں ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین کی سروس روڈ خستہ حالی سے دوچار ہے اور اس کی ازسرنو بحالی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں کام کا آغاز رواں مہینے ٹینڈر طلب کرنے کے بعد فنڈز کی دستیابی کے ساتھ ہی کر دیا جائے گا۔