لیک ویو پارک میں سٹالز اور کھوکھوں پر فروخت ہونے والی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آئی سی ٹی انتظامیہ طے کرتی ہے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 14:58

اسلام آباد ۔9 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ لیک ویو پارک میں الاٹ کئے گئے سٹالز اور کھوکھوں پر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں چیک کرنا اسلام آباد کی انتظامیہ کے دائرہ کار میں آتا ہے‘ تفریح کی غرض سے آنے والوں سے ٹکٹوں کی جو رقم وصول کی جاتی ہیں وہ مناسب ہے اس میں کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری تنویر خان اور سینیٹر فرحت اللہ بابر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ لیک ویو پارک میں سٹالز اور کھوکھے سی ڈی اے نے الاٹ کئے ہیں لیکن خوردنی اور دیگراشیاء کی قیمتیں آئی سی ٹی کی انتظامیہ طے کرتی ہے اور وہ سی ڈی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں‘ تفریح کی غرض سے آنے والوں سے رقم جو ٹکٹ کی مد میں وصول کی جاتی ہے وہ تین سال پہلے طے کی گئی ہے‘ یہ مناسب ہے اس میں کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔