آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات

ملک کی داخلی و سرحدی صورتحال ، آپریشن ضرب عضب ،کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیا ل، آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 13:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی داخلی و سرحدی صورتحال ، افغانستان میں پیدا ہونے والی سلامتی کی صورتحال ، آپریشن ضرب عضب ،کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی داخلی و سرحدی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ہے ،ملاقات میں افغانستان میں پیدا ہونے والی سکیورٹی اور سلامتی کی صورتحال اور اس کے پاکستان میں اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے ،آرمی چیف نے وزیر اعظم کو گزشتہ روز ہونے والی کورکمانڈرز کانفرس میں اٹھائے گے نقاط سے آگا کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف کو دورہ امریکہ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اس کے علاوہ وزیر اعظم کے آمدہ دورہ امریکہ پر بھی مشاورت کی گئی اور جو معاملات امریکی صدر کے سامنے اٹھائے جانے ہیں ان پر بھی مشاورت کی گئی ہے ، آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملنے والی کامیابیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی ہے ،ملاقات میں افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔