کراچی: رینجرز کی کارروائیوں میں 1اہم ملزم سمیت 41افراد گرفتار

جمعہ 9 اکتوبر 2015 13:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے 5مشتبہ افراد سمیت 41افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر میر پورخاص میں پولیس نے لیاری گینگ وار کے اہم ملزم افضل بارودی کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رینجرز نے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب کارروائی کی اور 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے،رینجرز اور پولیس نے چشتی نگر ، اورنگی ، نصرت بھٹو کالونی ، نارتھ ناظم آباد ، منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد اور محمد گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے کارندوں اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔

۔دوسری جانب لیاری گینگ وار کے اہم کارندے افضل بارودی کو میر پور خاص پولیس نے گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق افضل بارودی لیاری سے فرار ہو کر میر پور خاص میں روپوش تھا اور بم حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں ایک بم دھماکے میں ملوث تھا جس میں 16افراد جاں بحق ہوئے تھے۔