اسلام آباد ہائیکورٹ عافیہ صدیقی رہائی کیس ، وزارت داخلہ ، خارجہ اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کو نوٹس جاری

جمعہ 9 اکتوبر 2015 13:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے دا ئر کیس میں وزارت داخلہ ، وزارت خارجہ اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ساجد قریشی اور بیرسٹر ذوالفقار علی عدالت میں پیش ہوئے،ایڈووکیٹ ساجد قریشی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف امریکہ کے دورہ پر جارہے ہیں جہاں وہ امریکی صدر سے ملاقات بھی کریں گے، لہذا عدالت انہیں ہدایت جاری کرے کہ وہ عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی صدر کے سامنے اٹھائیں، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ فریقین کو حکم جاری کرے کہ وہ عافیہ صدیقی سے رابطہ کرکے انکی صحت اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں، جب کے خاندان کی عافیہ صدیقی سے ملاقات کا بندوبست بھی کریں، بعدازاں عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے دس یوم میں جواب طلب کرلیا ہے