سلمان خان کے مداحوں کا ”کک 2“کا شدت سے انتظار

جمعہ 9 اکتوبر 2015 11:44

سلمان خان کے مداحوں کا ”کک 2“کا شدت سے انتظار

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) سلمان خان کے مداحوں کو ان کی فلم ”کک“ کے سیکوئل ”کک 2“ کا شدت سے انتظار ہے ۔اب ان کے لیے خبر ہے کہ ایمی جیکسن اس فلم میں ان کے ساتھ ہیروئن ہوسکتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایمی کو اس سے پہلے فلم ”کک“ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی مگر انھوں نے انکار کردیا تھا جس کے بعد جیکولین فرنینڈس کو کاسٹ کرلیا گیا۔

تاہم اب کہا جارہا ہے کہ ”سنگھ از بلنگ“ کی اداکارہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔اس سلسلہ میں ایمی جیکسن کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے سے ہی سلمان خان کی پرستار ہوں۔ فلم ”کک“ میں ایک مرتبہ سلمان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ضائع کرچکی ہوں کیونکہ جیکولین فرنینڈس سے قبل مجھے اس کی پیشکش کی گئی تھی مگر میں نے شنکر کے ساتھ علاقائی فلموں کے لیے تین سال کا معاہدہ کررکھا تھا اور اب یہ معاہدہ ختم ہوچکا ہے اس لیے مجھے دوبارہ سے ان کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو کسی صورت انکار نہیں کروں گی۔

(جاری ہے)

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سلمان خان اور میں اچھے دوست ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میرا خواب ہیں۔امید ہے جلد ہی میرا یہ خواب پورا ہوجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک فلم کی مکمل کاسٹ منتخب نہیں کی گئی ہے جب کہ سلمان خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جیکولین فرنینڈس ”کک2“ کا حصہ نہیں ہوں گی مگر وہ فلم میں آئٹم سانگ پر پرفارم کرسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم ”کک“ کے سیکوئل میں سلمان خان ہیرو کے ساتھ ساتھ ولن کا کردار بھی نبھائیں گے اور وہ ان دنوں اس کا اسکرپٹ بھی خود ہی لکھ رہے ہیں ۔