بھارتی وزیراعظم نے گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں مسلمان شخص کی ہلاکت کے دو ہفتے بعداپنی خاموشی توڑ دی ، ہندووٴں اور مسلمانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انھوں نے آپس میں لڑنا ہے یا غربت سے، عوام سیاست دانوں کی طرف سے دیے جانے والے غیر مہذبانہ بیانات پر دھیان نہ دیں،ہندو گائے کو مقدس سمجھتے ہیں اور اس کو ذبح کرنے کے سخت خلاف ہیں،بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا ریاست بہار میں انتخابی جلسے سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 23:59

بھارتی وزیراعظم نے گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں مسلمان شخص کی ہلاکت ..

پٹنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8اکتوبر۔2015ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گائے کا گوشت کھانے کی پاداش میں ایک مسلمان کی ہلاکت کے واقعے کے دو ہفتے بعد اس بارے میں اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ہندووٴں اور مسلمانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انھوں نے آپس میں لڑنا ہے یا غربت سے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کو ایک ریاست بہار میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے دادری کے واقعے کی براہِ راست مذمت کیے بغیر کہا کہ مسلمانوں اور ہندووٴں کو غربت کے خلاف لڑنا چاہیے۔

نریندر مودی نے عوام سے کہا کہ وہ سیاست دانوں کی طرف سے دیے جانے والے غیر مہذبانہ بیانات پر دھیان نہ دیں۔ہندو گائے کو مقدس سمجھتے ہیں اور اس کو ذبح کرنے کے سخت خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

حزب اختلاف کی جماعتوں اور دیگر حلقوں کی طرف سے وزیر اعظم پر دباوٴ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ اس واقعے کی مذمت کریں۔ اتر پردیش کے قریب ایک گاوٴں دادری میں انتہا پسند ہندووٴں کے ایک ہجوم نے محمد اخلاق نامی شخص کے گھر پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا، جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا تھا۔

مودی کی حکومت ملکی سطح پر گائے ذبح کرنے پر پابندی عائد کرنے کی حامی ہے لیکن مسلمان اور دیگر مذہبی اقلیتیں گائے کا گوشت کھاتی ہیں۔ادھر کشمیر میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاستی اسمبلی میں ایک مسلمان رکن کو اپنے گھر دعوت میں مہمانوں کی گائے کے گوشت سے تواضع کرنے پر زد و کوب کیا۔کشمیر اسمبلی کے رکن رشید احمد نے کہا کہ انھوں نے اپنی نجی محفل میں مہمانوں کو بطورِ احتجاج گائے کا گوشت کھلایا تھا۔

حزب اختلاف کے رہنما عمر عبداللہ نے اسمبلی کے اجلاس سے یہ کہہ کر واک آوٴٹ کیا کہ انھیں ہر اس شخص پر حملہ کر دینا چاہیے جو شراب پیتا ہے یا سوٴر کا گوشت کھاتا ہے۔اسمبلی میں بی جے پی کے نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ رکن اسمبلی پر حملے کی تائید نہیں کر سکتے لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ گائے کے گوشت سے تواضع کرنا درست نہیں۔

متعلقہ عنوان :