مسلم لیگ (ن) این اے 122کے ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے،(ن) لیگ کو کاشتکاروں سے ووٹ نہیں ملے گا ،(ن) لیگ کی حکومت نے کسانوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے ، پیپلزپارٹی نے مزدوروں کو کارخانوں میں حصہ دار بنایا تھا ، (ن) لیگ نے مزدوروں کا استحصال کیا ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام لیا ہے،ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں پر چلایا جا رہا ہے،پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان اورپیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کا انتخابی جلسے سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان اورپیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کسانوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے اور مزدوروں کا استحصال کیا ہے،ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں پر چلایا جا رہا ہے،لاہور نے ثابت کر دیا کہ بھٹو کا جیالا آج بھی زندہ ہے،سوات میں دہشت گردی پیپلز پارٹی نے ختم کی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ لاہور کے جیالوگھروں سے نکلو اور پیپلز پارٹی کو ووٹ دو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل نہیں کر سکی، پنجاب آج بھی لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں پر چلایا جا رہا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا کہ لاہوریوں نے ثابت کردیا ہے کہ آج بھی بھٹو کا جیالہ زندہ ہے ، لاہور پاکستان پیپلزپارٹی کا شہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنا امیدوار کارکنوں کے بل پر میدان میں لائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام لیا ہے ، پیپلزپارٹی اب کسی کو آگے آنے کا موقع نہیں دے گی ۔

منظور وٹو نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کسانوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے ، اس لئے آپ کا اس سیٹ پر کوئی حق نہیں بنتا ۔ میاں منظور وٹو نے (ن) لیگ پر بھی تنقید کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ سن لے ، اسے کاشتکاروں سے ووٹ نہیں ملے گا ، پیپلزپارٹی نے مزدوروں کو کارخانوں میں حصہ دار بنایا تھا جبکہ (ن) لیگ نے مزدوروں کا استحصال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے ۔