کوئٹہ، زرعی تحقیقاتی ادارہ بلوچستان کے تمام سائنسدانوں کا اہم اجلاس

زرعی تحقیقاتی ربی پروگرام ، موسم ربی کے دوران تحقیقاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 23:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) زرعی تحقیقاتی ادارہ بلوچستان کے تمام سائنسدانوں کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت عبدالرحمن بزدار سیکرٹری زراعت منعقد ہوا اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر محمد جاوید ترین، ڈی جی ایکسٹینشن یار محمد پندرانی، ڈی جی ایم ایم ڈی عبدالمنان رئیسانی اگریکلچر ایکسئین کے سینئر آفیسرز ، زرعی تحقیقاتی ادارہ کے سائنسدانوں نے شرکت کی اجلا س میں زرعی تحقیقاتی ربی پروگرام ، موسم ربی کے دوران تحقیقاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔

سیکرٹری زراعت عبدالرحمن بزدان نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ زرعی تحقیقات کا شتکاروں کے مسائل پر مبنی ہونی چاہئے۔ تحقیقات شروع کرنے سے پہلے کاشتکاروں سے رابطہ کیا جائے تاکہ پیدوار میں کمی کی وجوہات کی نشاندہی ہوسکے۔

(جاری ہے)

اور مسائل کے حل کیلئے تحقیقات شروع کی جائے۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ زرعی تحقیقاتی ادارہ نے ڈاکٹر محمد جاوید ترین کی سربراہی میں بہتر انداز میں تحقیقاتی عمل شروع کیا ہے ادارے کے تمام ڈائریکٹوریٹ کا تحقیقاتی عمل قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس سال کو زراعت کا سال قرار دیا ہے لہذا اس منصوبہ سے فائدہ اٹھانا اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے انتھک کوشش کرکے اس کی کارکردگی کو قومی سطح پر اجاگر کیا جانا چاہئے۔ زرعی تحقیقات کے عمل میں سائنسدانوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور لیبارٹریوں کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کا منصوبہ بنایا جائے۔

تحقیقاتی عمل میں سبزیوں، زرعی اجناس اور دیگر فصلات کی نئی اور زیادہ پیداواری صلاحت والی اقسام کو متعارف کرایا جائے۔ اجلاس سے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر محمد جاوید ترین، ڈائریکٹر جنرل توسیعی یار محمد پندرانی اور ڈائریکٹر رجنرل انجینئرنگ عبدالمنان رئیسانی نے بھی خطاب کیا اس کے بعد زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ڈائریکٹر وں نے اپنے ربی منصوبہ پیش کیا جن کو سراہاگیا یاد رہے کہ زرعی تحقیقاتی ادارہ کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز اپنے اپنے پروگرام 4اکتوبر تک پیش کرتے رہیں گے جس کے بعدان تحقیقات کی کمیٹی سے منظوری کے بعد زرعی سائنسدان اپنا اپنا کام شروع کریں گے۔