اقوام متحدہ کے انسانی امورکے ڈائریکٹرآپریشنزجان گنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ واپس لوٹ گئے

50 لاکھ افراد آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بے گھر ہوئے،بیشتر کو واپس لا چکے ہیں تاہم 12لاکھ تاحال بے گھر ہیں، اقوام متحدہ فاٹا کے افراد کی واپسی تک حکومت کی مدد جاری رکھے گی، 11 ملین ڈالر متاثرین کی بحالی کیلئے جاری کردئیے ،مزید 5 ملین ڈالر انسانی بنیادوں پر جلد جاری کئے جائیں گے،جان گنگ کی مختلف حکام سے ملاقاتوں میں گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اقوام متحدہ کے انسانی امورکے ڈائریکٹرآپریشنزجان گنگ نے کہا ہے کہ50 لاکھ افراد آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بے گھر ہوئے،بیشتر کو واپس لا چکے ہیں تاہم 12لاکھ تاحال بے گھر ہیں، اقوام متحدہ فاٹا کے افراد کی واپسی تک حکومت کی مدد جاری رکھے گی، پاکستان اس لئے آیا کہ یہاں زندگی مثبت سمت میں گامزن ہے،عوام کی بڑی تعداد حیات کی بحالی کیلئے سرگرم عمل ہے، ایمرجنسی ریلیف کوارڈینیٹر اسٹیفن برائن نے 11 ملین امریکی ڈالر متاثرین کی بحالی کیلئے جاری کردئیے ہیں،مزید 5 ملین ڈالر انسانی بنیادوں پر جلد جاری کئے جائیں گے۔

جمعرات کو اقوام متحدہ کے انسانی امورکے ڈائریکٹرآپریشنزجان گنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس امریکہ لوٹ گئے ، جان گنگ اپنے دورہ پاکستان کے دوران پشاوربھی گئے جہاں انہوں نے گورنرخیبرپختونخواہ سردار مہتاب عباسی سے بھی ملاقات کی تھی ۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران خیبرایجنسی کے پالیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے اورانہوں نے جرگے میں قبائلی عمائدین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں نے دوران ڈائریکٹر آپریشنز جان گنگ نے نے عمائدین کو یقین دہائی کرائی کہ اقوام متحدہ فاٹا کے افراد کی واپسی تک حکومت کی مدد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2008 سے اب تک فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے لگ بھگ 50 لاکھ افراد مختلف سیکیورٹی آپریشنز کے سبب گھر سے بے گھرہوچکے ہیں جن میں سے بیشتر اپنے علاقوں کو واپس جاچکے ہیں تاہم 12 لاکھ افراد تاحال بے گھرہیں۔

جان گنگ نے اپنے دورے کے دوسرے دن فاٹا اورقبائلی علاقوں کے افراد کے لئے منعقدہ ڈونر کانفرنس میں بھی شرکت کی جس میں انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کوسراہتے کہا کہ میں پاکستان اس لئے آیا ہوں کہ یہاں زندگی مثبت سمت میں گامزن ہے اورعوام کی بڑی تعداد حیات کی بحالی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ریلیف کوارڈینیٹر اسٹیفن برائن نے 11 ملین امریکی ڈالر متاثرین کی بحالی کے لئے جاری کردئیے ہیں جبکہ مزید 5 ملین ڈالر بھی انسانی بنیادوں پر جلد جاری کئے جائیں گے۔