پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان مذاکرات کامیاب ، پائلٹس کی سنیارٹی کے معاملے پر کمیٹی بنانے پر اتفاق، پالپا ڈائریکٹر فلائٹس آپریشنز کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے سے دستبردار

کامیاب مذاکرات کا مسودہ (کل) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں پیش کیا جائے گا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) انتظامیہ اور پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ، پی آئی اے اور پالپا پائلٹس کی سنیارٹی کے معاملے پر کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا جبکہ پالپا ڈائریکٹر فلائٹس آپریشنز کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے سے دستبردار ہو گئی، کامیاب مذاکرات کا مسودہ (کل) جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے حکام کے درمیان 8گھنٹے تک طویل مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم، چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر اور پالپا کے صدر عامر ہاشمی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے دوران دونوں فریقین پائلٹس کی سنیارٹی کے معاملے پر کمیٹی بنانے پر متفق ہو گئے، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی میں پی آئی اے پالپا اور سول ایوی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔

مذاکرات کے دوران پالپا ڈائریکٹر فلائٹس آپریشنز کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے سے دستبردار ہو گئی جبکہ مذاکرات کے دوران ورکنگ ایگریمنٹ سے متعلق عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔مذاکرات کے بعد چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسودہ آج سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز پالپا نے دو روز کیلئے عبوری چور پر اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر طلحہ محمود نے پی آئی حکام اور پالپا کے نمائندوں کو جمعہ کے روز معاملات کے حل سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :