بلدیاتی انتخاب،ہر یونین کونسل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا مشترکہ پینل ہو گا

ہر یونین کونسل میں چھ کونسلرز براہ راست انتخاب سے آئیں گے، پانچ ممبرز کا انتخاب بالواسطہ ہو گا‘مخصوص نشستوں کیلئے5 ممبرزکو چیئرمین، وائس چیئرمین اور6کونسلز پر مشتمل آٹھ ارکان چنیں گے‘بالواسطہ انتخاب کے ذریعے2 خواتین، کسان،یوتھ اورغیر مسلم ممبرزبن سکیں گے ‘ترجمان محکمہ بلدیات

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پنجاب کے بلدیاتی انتخاب میں یونین کونسل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا مشترکہ پینل ہو گا، ہر یونین کونسل میں چھ کونسلرز براہ راست انتخاب کے ذریعے ممبر بنیں گے جبکہ پانچ ممبرز کا انتخاب بالواسطہ ہو گاجنہیں چیئرمین، وائس چیئرمین اور چھ کونسلرز پر مشتمل آٹھ ارکان چنیں گے۔ محکمہ بلدیات پنجاب کے ترجمان کے مطابق ہر یونین کونسل میں بالواسطہ انتخاب کے ذریعے آنے والے پانچ ممبران میں دو خواتین، ایک کسان یا ورکر، ایک نوجوانوں کا نمائندہ اور ایک غیر مسلم شامل ہو گا۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران یونین کونسل سے کارپوریشن اور ضلع کونسل تک کے تمام انتخابی عمل میں یوتھ، خواتین، کسان، ورکرز اور غیر مسلم شہریوں پر براہ راست انتخاب میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں اور ان میں سے ہر ایک چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلر کے لئے امیدوار بن کر ووٹر ز سے براہ راست ووٹ لے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ یونین کونسل میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے براہ راست انتخابات،پانچ مخصوص نشستوں پربالواسطہ انتخاب پر قطعی طور پر اثر انداز نہیں ہوتے۔

ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ یونین کونسل کے منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور چھ کونسلرز پر مشتمل آٹھ ارکان خواتین، کسان/ورکرز، یوتھ اور غیر مسلم کے بالواسطہ انتخاب کے دوران اہلیت، قابلیت اور تجربے کے معیار کو سامنے رکھ کر ممبران کا چناؤ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :