Live Updates

حلقہ این اے 144 کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار کے مقابلے میں لیگی باغی امیدوار ریاض ججہ کی حلقے میں زبردست مقبولیت

پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت کی طرف سے پارٹی امیدوار اشرف سوہنا کی حمایت نہ کرنے سے ضمنی الیکشن میں سیاسی صورتحال اچانک تبدیل ہوتی نظر آ رہی ہے، سوہنا تیسرے نمبر پر چلے گئے ،سیاسی تجزیہ نگاروں کی رائے

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:56

لاہور/اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے مقابلے میں (ن) لیگ کے ایک باغی امیدوار ریاض ججہ نے حلقے میں زبردست مقبولیت حاصل کر لی ہے جبکہ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت ربیرہ کی طرف سے تحریک انصاف کے امیدوار اشرف خان سوہنا کی حمایت نہ کرنے سے ضمنی الیکشن میں سیاسی صورتحال اچانک تبدیل ہوتی نظر آ رہی ہے ‘ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے دو باغیوں کے میدان میں آنے کے بعد آزاد امیدوار ریاض ججہ جو (ن) لیگ کی طرف سے ٹکٹ نہ ملنے پر میدان میں آئے ہیں انہیں حلقے میں خصوصی اہمیت حاصل ہو گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار اشرف سوہنا حلقے میں تیسرے نمبر پر جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 144 کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کے رکن چوہدری عارف کو جعلی ڈگری کا الزام ثابت ہونے پر الیکشن ٹربیونل نے نااہل قرار دیا تھا اور پارٹی قیادت نے چوہدری عارف کے بیٹے کو ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جاری کر دیا جبکہ حمزہ شہباز شریف کی خواہش تھی کہ ریاض ججہ کو ٹکٹ دیا جائے تاہم ریاض ججہ ٹکٹ نہ ملنے کے بعد آزاد امیدوار کے طو رپر میدان میں آ گئے او رانہوں نے اس ضمنی الیکشن میں اب تک 30 کروڑ روپیہ خرچ کر دیا ہے اور وہ ضمنی الیکشن میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار تمام تر صورتحال کے باوجود اب بھی جیت کیلئے پر امید ہیں اور چوہدری عارف کا دعویٰ ہے کہ ان کا بیٹا ریاض ججہ کے آزاد امیدوار بننے کے باوجود کامیابی حاصل کرے گا جبکہ تحریک انصاف کے لئے مزید مشکل صورتحال اس حلقے میں پیدا ہو گئی ہے جب تحریک انصاف کے اوکاڑہ سے ہی رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت نے بغاوت کا اعلان کر دیا ہے اور تحریک انصاف کے امیدوار اشرف خان سوہنا کی حمایت کرنے سے مکمل انکار کر دیا ہے۔

مسعود شفقت کی بغاوت کے بعد تحریک انصاف کے اشرف سوہنا کی پوزیشن کافی کمزور ہو گئی ہے او راس وقت وہ ضمنی الیکشن میں تیسرے نمبر پر جا رہے ہیں جبکہ گزشتہ روز عمران خان کے جلسے کے باوجود ان کی پوزیشن بہتر نہیں ہوئی۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت نے کہاکہ عمران خان جو سٹیٹس کو کے خلاف تھے اب اس کے حمایتی بن گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو چاہیے کہ وہ شاہ محمود قریشی سے ایک آزاد امیدوار کی حمایت کی وجہ پوچھیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کو اصولوں کے مطابق چلانا عمران خان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے امیدوار اشرف سوہنا تبدیلی نہیں لا سکتے۔ میں شاہ محمود قریشی کی پی ٹی آئی میں نہیں بلکہ عمران خان کی پی ٹی آئی میں ہوں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات