Live Updates

اب تو یوٹرن لینے پر عمران خان کو پسینہ بھی نہیں آتا ،پاکستان کو سیاسی زلزلوں سے بچانے کی ضرورت ہے، عمران خان کی پالیسی پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے،عطیہ د ینے والا عطیہ لینے والے سے اپنا کام بھی کراتا ہے، ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے مل کر کا م کیاجانا چاہئے

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اب تو یوٹرن لینے پر عمران خان کو پسینہ بھی نہیں آتا،جو عطیہ دیتا ہے وہ عطیہ لینے والے سے اپنا کام بھی کراتا ہے،آج پاکستان کو سیاسی زلزلوں سے بچانے کی ضرورت ہے،بدقسمتی سے عمران خان کی پالیسی پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے، ملک کو اس وقت سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یوٹرن لیا ہو، خان صاحب تو اتنے یو ٹرن لے چکے ہیں کہ اب اگر وہ یوٹرن لیں تو انہیں شرم آتی اور نہ انہیں پسینہ آتا ہے حالانکہ سب کچھ ریکارڈ پر ہوتا ہے اس کے باوجود بھی وہ یوٹرن لینے سے نہیں گھبراتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کسی بھی بیان کو لوگوں نے سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیا ہے۔

غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جو عطیہ دیتا ہے وہ عطیہ لینے والے سے اپنا کام بھی کراتا ہے، اسی وجہ سے عمران خان نے یقینی بنایا کہ چین کے صدر شی چن پنگ دورہ پاکستان پر نہ آ سکیں، بدقسمتی سے عمران خان کی پالیسی پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو سیاسی زلزلوں کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے تا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے ایک طرف سے پاکستان کے دشمنوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اور دوسری طرف عمران خان سخت پریشان ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم نواز شریف کے ٹیکس ادا کرنے کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے جون 2015ء تک 42 لاکھ روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات