شاہراؤں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نہیں زندگیاں دوڑتی ہیں، ڈرائیور دورانِ ڈرائیونگ انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ایس ایس پی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈ ی ایس ایس پی شعیب خر م جانباز نے کہاکہ شاہراؤں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نہیں زندگیاں دوڑتی ہیں اور زندگی ایک امانت ہے اس لیئے ڈرائیور حضرات دورانِ ڈرائیونگ انتہائی ذمہ داری ، برداشت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو راستہ دینے کے اصول کو اپنائیں کیونکہ دورانِ ڈرائیونگ ذرا سی غلطی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ’’آگاہی پروگرام‘‘ کے دوران شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراؤں پر موجود ٹریفک کے اشارے اور سائن بورڈز دورانِ سفر ہمارے محافظ ہیں ان کی پابندی محفوظ اور خوشگوار سفر کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے ہی دورانِ سفر شاہراؤں پر زندگی کا وجود اور منزلِ مقصود تک باآسانی پہنچنے کا بہترین ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ جس جگہ ٹریفک کا بہاؤ زیادہ ہو وہاں راستہ دینے کے اصول کو اپنایا جائے تو ٹریفک رش نہیں بنتا اس طرح روڈ یوزرز کو ٹریفک پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے کہا کہ شہری ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئیں ہدایات پر عمل کریں غلط پارکنگ سے گریز کریں اور شاہراؤں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تو کوئی وجہ نہیں ٹریفک کا نظام مزید بہتر سے بہترین ہو سکتا ہے۔