انسداد ڈینگی کے نام پر تاجربرادری کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بندکیا جائے، میاں ہمایوں پرویز

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ھمایوں پرویز نے انسداد ڈینگی کے نام پر تاجربرادری کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انتظامیہ جابجا پڑے کوڑے کے ڈھیروں کو ختم کرے ،بغیر وارننگ تجارتی اداروں کو سیل نہ کیا جائے اور حفاظتی اقدامات مکمل کرنے والے اداروں کو کھولنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔

جمعرات کو فلور ملز مالکان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران صدر آر سی سی آئی میاں ھمایوں پرویز نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانا ہم سب کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے تاہم انسداد ڈینگی کے نام پر کاروباری اداروں کے خلاف نام نہاد کارروائیوں کی حمایت نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ و شہر سمیت دیگر علاقوں کی تاجر برادری کاکہنا ہے کہ انہیں وارننگ جاری کیے بغیر محض نمبر سکورننگ کی غرض سے ہراساں کیا جارہاہے جو کہ تشویشنا ک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں سے اصلاح احوال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی جگہ سے ڈینگی لاروا کی بر آمدگی کی صورت میں متعلقہ ادارے کو خبردار کرتے ہوئے انسداد ڈینگی سپرے اور صفائی کو یقینی بنانے کے لیے مہلت دی جائے جبکہ مقررہ مدت میں بھی احکامات پر عدم عمل درآمد کی صورت میں کارروائی کی جائے ۔میاں ھمایوں پرویز نے مطالبہ کیا کہ ایسے کاروباری ادارے جنہیں بغیر وارننگ سیل کیا گیا انہیں فوری طور پر کھولا جائے کیونکہ یہ ادارے انسداد ڈینگی سپرے سمیت دیگر اقدامات مکمل کر چکے ہیں ۔میاں ھمایوں پرویز نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور کینٹ بورڈ حکام سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور متعلقہ حدود سے کوڑا اٹھانے اور انسداد ڈینگی سپرے کے انتظامات کا مطالبہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :