Live Updates

(ن) کی این اے 122کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ریلی ،پی ٹی آئی نے جلسی کی آج دکھائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے‘ حمزہ شہباز

کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ،کارکنوں نے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگا کر ریلی کا استقبال کیا آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ،شرکاء کی حفاظت اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بڑی تعداد تعینات رہی ریلی کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا ،شہریوں کے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے عمران خان جب تک رات کو سونے سے پہلے کسی پر جھوٹے الزام نہ دھر لیں انہیں نیند نہیں آتی ،کنٹینر پر کھڑے ہو کر بڑھکیں لگانے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا ،اس کے لئے شیر جیسا کلیجہ بھی چاہیے ،11اکتوبر کا سورج شیر کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا ‘ کارکنوں سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام این اے 122کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقے میں بھرپور ریلی نکالی گئی ، مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف کی زیر قیادت نکالے جانے والی ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ، (ن) لیگ کے کارکنوں کی طرف سے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگا کر ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا گیا جبکہ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ،شرکاء کی حفاظت اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد ریلی کے ہمراہ اور راستوں پر تعینات رہی ،ریلی کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا جس کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں ایمپرس روڈ سے ریلی نکالی گئی جو حلقے میں مختلف راستوں سے گزری ۔ ریلی میں (ن) لیگ کے لاہور سے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے جبکہ ریلی میں لیگی کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ۔ریلی میں شریک کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت اورامیدواروں میں نعرے بازی کرتے رہے ۔

اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ ریلی کے شرکاء کو خوش آمدید کہنے کے لئے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ کارکن گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں پراور پیدل ساتھ چلتے رہے ریلی کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں معطل رہا جسکی وجہ سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

پولیس کی طرف سے ریلی کے شرکاء کی حفاظت کے لئے سینکڑوں اہلکار تعینات رہے جبکہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی ریلی کے روٹ پر گشت کرتی رہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین نے سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں جلسی کی تھی ہم دکھائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے ۔ این اے 122کی عوام نے اپنا پیشگی فیصلہ سنا دیا ہے ، نوٹوں کی چمک سے عوام کے ضمیر خریدنے کے خواب دیکھنے والوں کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی ۔

اس موقع پر این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق ،طلال چوہدری ، محسن لطیف اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے ہمیں اخلاقیات کا درس دیا ہے لیکن عمران خان نے اخلاقیات کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ عمران خان اوئے توئے کی سیاست موجد ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سنجیدہ اور باشعور عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب تک رات کو سونے سے پہلے کسی پر جھوٹے الزام نہ دھر لیں انہیں نیند نہیں آتی ۔

عمران خان نے دھاندلی کاالزام لگایا لیکن جوڈیشل کمیشن نے انکے الزامات کو اپنی رپورٹ میں مسترد کر دیا ۔انشا اﷲ 11اکتوبر کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے عمران خان کے الزامات کو مسترد کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شکست پی ٹی آئی کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے ،انشا اﷲ 11اکتوبر کا سورج شیر کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا ۔ہلہ گلا اور دھرنا سیاست کے شوقین ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بجائے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کو 11اکتوبر کو دفن کر دیں گے ۔ ہمارا سفر ترقی کا سفر ہے اس میں رکاوٹیں نہیں ڈالنے دیں گے۔ سردار ایاز صادق شریف النفس انسان ہیں اگر ووٹروں کی محبت اور جذبہ دیکھنا ہے تو علیم خان یہاں آ جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر بڑھکیں لگانے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا بلکہ اس کے لئے شیر کا کلیجہ چاہیے ۔ میٹرو بس چل پڑی ہے اب ڈیڑھ ارب ڈالر ز کی لاگت سے میٹرو ٹرین چلے گی تو بلے بلے ہو جائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات