ڈاکٹر عرفان گل مگسی اور ان کی بہن ادیبہ گل مگسی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان

پیپلز پارٹی ملک کی وہ مقبول سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) سندھ کے سابق وزیرڈاکٹر عرفان گل مگسی اور ان کی چھوٹی بہن ادیبہ گل مگسی نے جمعرات کی شام چیف منسٹر ہاؤس کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے بعد غیر مشروط طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔اس موقع پر سینئر وزیر تعلیم و اطلاعات نثار احمد کھوڑو، سابق وزیر سید علی نواز شاہ، ایم ین اے عمران ظفر لغاری،ایم پی اے سید ضیا عباس شاہ،راشد حسین ربانی، وقار مہدی، پیپلز پارٹی ٹنڈووالہیار کے مخدوم علی محمد ولہاری بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر عرفان گل مگسی اور ان کی بہن ادیبہ گل مگسی کی پی پی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس قبل بھی عرفان گل مگسی پیپلز پارٹی میں رہے ہیں پیپلز پارٹی ان کا گھر ہے اور وہ واپس اپنے گھر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی وہ مقبول سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور وہ اپنے منشور کے مطابق جمہوریت اور تمام قومی اداروں کے استحکام کے لئے کام کرتی رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیاکی کسی اور سیاسی جماعت نے ایسی عظیم قربانیاں نہیں دی ہونگی جو پیپلز پارٹی نے پیش کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی قیادت پر فخر ہے جس نے جمہوریت اور عوامی حقوق کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اس حوالے سے انہوں نیذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کا ذکر کیا ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا فکر و فلسفہ ہی عوام کی خدمت اور جمہوریت کا استحکام ہے انہوں نے ڈاکٹر عرفان گل مگسی اور ان کی بہن کی پیپی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر عرفان گل مگسی نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاست کا آگاز پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا اور وہ پیپلز پارٹ کو اپنا گھر تصور کرتے ہیں اور اب وہ اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔