مستقبل کے روشن خیال اور کاروباری مہارتوں سے مہمیز کسان تیار کئے جا رہے ہیں ،ڈاکٹر اقرار احمد خاں

زراعت کو ایک مکمل کاروبار کے طو رپر آگے بڑھاکر اسے منافع بخش بزنس کی صورت میں سامنے لائیں گے،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹرمیڈیٹ پری ایگریکلچر کے ذریعے مستقبل کے روشن خیال اور کاروباری مہارتوں سے مہمیز کسان تیار کئے جا رہے ہیں جو زراعت کو ایک مکمل کاروبار کے طو رپر آگے بڑھاتے ہوئے اسے ایک منافع بخش بزنس کی صورت میں سامنے لائیں گے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے جھنگ روڈ پر یونیورسٹی کے پارس کیمپس میں فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی کے طلبہ کی طرف سے ہاسٹلز میں اقامتی طلبہ کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے سستے اور نیوٹریشن سے بھرپور کیفے (ایٹری) میں عشائیہ کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے زرعی رقبے تیز رفتاری سے تقسیم در تقسیم ہوکرچھوٹے یونٹس کی شکل اختیار کر رہے ہیں لہٰذا چھوٹے زرعی رقبوں کومنافع بخش کاروباری یونٹس میں تبدیل کرنے کیلئے زرعی و کاروباری اُمور کی جانکاری رکھنے والے نوجوان اہم کردار ادا کریں گے جس کیلئے پڑھے لکھے اور روشن خیال کسانوں کی ایک بڑی کھیپ یونیورسٹی میں تیار کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت کو محض گزربسر کا ذریعہ بنانے کے بجائے ایک مکمل کاروبار کے طو رپر لینا ہوگا اور موسمی حالات اورمارکیٹ میں ممکنہ قیمتوں پر نظر رکھتے ہوئے کم لاگت سے زیادہ پیداوار اور آمدن کی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فی ایکڑ زیادہ پیداوارحاصل کرنے جیسے صحت مند مقابلے کو رواج دے کر پیداواری لاگت اور آمدن میں خلا کوپرکرنا ہوگاتاکہ عالمی سطح پر اجناس کی کم قیمت ایک چھوٹے کسان کی آمدن میں کمی کا باعث نہ بن پائے۔

اس موقع پر انہوں نے طلباء کے ساتھ عشائیہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ان سے پہلے پرنسپل کمیونٹی کالج ڈاکٹر اعجاز بھٹی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بتایا کہ کمیونٹی کالج کے زیرانگرانی ہاسٹل میں مقیم طلبہ کو ان کی قوت خرید کے اندر رہتے ہوئے مناسب قیمتوں پر نیوٹریشن سے بھرپور غذاء کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ صبح نماز فجر کے بعد تمام طلبا ء کو جسمانی صحت کی سرگرمیوں میں مصروف رکھا جاتا ہے تاکہ معاشرے کو صحت مند نوجوان مہیا کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :