اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کا ژوب ڈگری کالج میں شاندار "عظم عالیشان ہمارا پاکستان"شو کا انعقاد

سینکڑوں طلبہ کی شرکت ،فن کا مظاہرہ کیا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان نے ژوب ڈگری کالج میں شاندار "عظم عالیشان ۔ہمارا پاکستان"شو منعقد کی، جس میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کرکے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔تقریب سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی معتمد عام صہیب کاکا خیل ، ناظم صوبہ عثمان کاکڑ، معتمد صوبہ مرتضیٰ خان، رحیم اللہ مندوخیل، جابر خان، اجمل کاکڑ اور دیگر نے خطا ب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صہیب کاکاخیل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلبہ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، سہولیات اور مواقع نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طلبہ کے ٹیلنٹ کو زنگ لگ رہا ہے، ضلع ژوب پاکستان کا ایک تاریخی ضلع ہے، یہاں کے جانبازوں نے دفاع وطن کے لئے جو قربانیاں دی ہیں،وہ ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے، اس کے ایوانوں پر عرصہ دراز سے سرمایہ دار طبقہ قابض ہے، اس طبقے نے ملک کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، جسکی وجہ سے ملک کے تمام شعبے جدید دنیا کے ساتھ چلنے سے قاصر ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ طلبہ حقیقی تبدیلی کے جدوجہد کا اغاز کریں، اور اسلامی تعلیمی نظام کے مکمل نفاذ کے لیے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

عثمان کاکڑ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو عملی میدان عمل میں کچھ کرنا ہوگا، اخباری بیانات سے تعلیمی نظام کی اصلاح ممکن نہیں ہے، انہوں نے تعلیمی فنڈز کے غیرشفاف تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکول غریبوں کے لئے واحد اسرا ہیں، ان کی تباہی غریبوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر ذہین اور ٹیلنٹڈ طلبہ میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :