محرم الحرام میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈی سی او حافظ آباد

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:37

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہوگی اور ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین کے تعاون سے انشاء اللہ سابق روایات کے مطابق اس بار بھی محرم الحرام میں مقامی ہم آہنگی ،بھائی چارے اور رواداری کا مظاہرہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں جلوسوں اور مجالس کی انتظامیہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی پابند ہوگی اور کسی بھی نئے روٹ ،جلوس اور مجلس کی کوئی اجازت نہیں ہوگی ۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ضلع کے امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کا فوری اور موئثر جواب دیا جائیگا اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کی معاونت سے شر انگیزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ڈی سی او نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر امسال محرم الحرام پر سیکورٹی کے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور دہشت گرد ،ملک دشمن عناصر کی مذموم کاروائیوں سے بچاؤ اُسی صورت ممکن ہوگا جب حکومتی ادارے امن کمیٹی کے اراکین اور جلوسوں ،مجالس کی انتظامیہ اکٹھے ہو کر امن و امان کے قیام کے لیے کام کریں۔

انہوں نے امن و امان کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے جید علماء اور دیگر معزز اراکین کے کردار اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مثالی بین المسالک بھائی چارے کی موجودہ فضا برقرار رکھی جائیگی۔مولانا وسیم الحسن نقوی،مولانا نصر اللہ خان بھٹی ،رانا اصغر چشتی ،مظہر وڑائچ ،خالد تہامی ،زوار لیاقت حسین کھنو اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی امن کے حوالہ سے مکمل تعاون کیا جائیگا اور شر انگیزی کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے

متعلقہ عنوان :