NA-122 کے ضمنی انتخاب کو دولت کی تشہیراور نمائش میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، سعید غنی

الیکشن کمیشن نے انتخابی قواعد اور ضوابط کی سرعام خلاف ورزی پر آنکھیں اور کان بند کر رکھے ہیں۔ ان حالات میں اس حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب مذاق بن کر رہ گئے ہیں، الیکشن کمیشن کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے،بیان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ NA-122 کے ضمنی انتخاب کو دولت کی تشہیراور نمائش میں تبدیل کر دیا ہے مگر الیکشن کمیشن نے انتخابی قواعد اور ضوابط کی سرعام خلاف ورزی پر آنکھیں اور کان بند کر رکھے ہیں۔ ان حالات میں اس حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب مذاق بن کر رہ گئے ہیں، الیکشن کمیشن کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جس تبدیلی کی بات کر رہی ہے وہ تبدیلی انتخابی عمل کومہنگا اور عام آدمی کی پہنچ سے دور کرنے کی صورت میں نظرآ رہی ہے۔ سینیٹر سیعد غنی نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے دوران ایک طرف مسلم لیگ(ن) سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے تو دوسری طرف تحریک انصاف دولت کی نمائش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس عمل کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ عوام انتخابی عمل کو دولت کی نمائش میں تبدیل کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بیرسٹر عامرحسن عوام کی دہلیز پر جا کر اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور دولت کی نمائش کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :